معاہدے کے تحت یورینیم افزودگی جاری رہے گی‘ نئی مشینری نصب نہیں کریں گے: ایران
تہران (اے پی پی،اے ایف پی) ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ 6عالمی قوتوں سے معاہدے کے مطابق ایران یورینیم افزودگی جاری رکھے گا تاہم نئی اور اضافی مشنری نصب نہیں کرے گا۔ ناتنز اور فورڈا تنصیبات میں مستقبل میں بھی یورینیم افزودگی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ وہ پارلیمنٹ کے ارکان کو 6ممالک کے ساتھ ہونے والے معاہدے بارے بریفنگ دے رہے تھے۔ انہوں نے معاہدے کا دفاع کرتے ہوئے کہا جن تنصیبات میں یورینیم افزودگی ہو رہی ہے وہ جاری رہے گی جس کی سطح 3.5فیصد سے 5فیصد تک ہے، اس کی گنجائش میں اضافہ نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ جوہری معاہدے کے بعد یورپی یونین اور 5عالمی قوتوں کے ساتھ تعلقات معمول پر آ جائیں گے۔