عیدمیلادالنبیؐ کے جلوس کی شرعی حیثیت کے بارے میں مناظرہ کرنے کیلئے تیار ہیں:اشرف آصف جلالی

28 نومبر 2013

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سربراہ ادارہ صراطِ مستقیم ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ عید میلاد النبیؐ کے جلوس کی شرعی حیثیت کے بارے میں مناظرہ کے لئے تیار ہیں، جلوس میلاد پر پابندی کا سوچا بھی نہیں جا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ صراط مستقیم پاکستان کے تحت جامعہ جلالیہ رضویہ مظہر الاسلام داروغہ والا میں عزم حسین ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وادی عشق رسولؐ ہے اس کے کوچہ وبازار سے یا نبیؐ یا نبیؐ کی صدائیں بلند ہوتی رہیں گی۔ دہشت گردی کے خطرے کی وجہ سے اعمال خیر پر پابندی لگانا جائز نہیں ہے۔