فرینڈلی اپوزیشن نہیں، تحریک انصاف نیٹو سپلائی پر احتجاج ختم کردے:خورشید شاہ

28 نومبر 2013
فرینڈلی اپوزیشن نہیں، تحریک انصاف نیٹو سپلائی پر احتجاج ختم کردے:خورشید شاہ

اسلام آباد (ثناء نیوز، آن لائن) قائد حزب اختلاف سید خوشید شاہ نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی ایک معاہدے کے تحت جاری ہے اور تحریک انصاف کا اقدام وفاق کو چیلنج کر نے کے مترادف ہے، کسی بھی صوبے کو وفاق کو چیلنج نہیں کرنا چاہئے۔ خیبر پی کے کی صوبائی حکومت کا نیٹو سپلائی روکنا وفاق کیلئے اچھی علامت نہیں، تحریک انصاف کو اپنا احتجاج ختم کر دینا چاہیے۔ آج ایک صوبے نے یہ کام کیا ہے مستقبل میں دوسرے صوبے ایک دوسرے کا راستہ روکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے، کے عوام کا انحصار تجارت اور ٹرانسپورٹ پر ہے، ایسے اقدامات سے صوبے میں بیروزگاری مزید بڑھے گی جو خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کبھی فرینڈلی نہیں ہوتی، ہم فرینڈلی اپوزیشن نہیں، ماضی میں ملک میں ایشوز کی نہیں مار دھاڑ کی سیاست چلی لیکن ہم ایشوز کی سیاست کریں گے تاکہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے اور اسے اپنے منشور پر عمل کرنے کا موقع مل سکے۔ پرویزمشرف کیخلاف کارروائی 12 اکتوبر1999ء سے کی جائے، اگراس وقت کی سپریم کورٹ ملوث ہے تو اسے بھی شامل کریں۔