ٹانک: امن کمیٹی کے سابق رکن گل اسلام ساتھیوں سمیت بم حملے میں محفوظ رہے

28 نومبر 2013

ٹانک (آن لائن) ٹانک میں سابق امن کمیٹی کے رکن گل اسلام پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ، پل اور گاڑی کو جزوی نقصان، خود ساتھیوں سمیت محفوظ رہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق امن کمیٹی کے رکن گل اسلام بدھ کے روز صبح کے وقت معمول کے مطابق اپنے گائوں شاہ زمانی سے پک اپ میں اپنے ساتھیوں سمیت ٹانک آرہے تھے کہ جونہی ان کی گاڑی آدم آباد لنک روڈ پر پہنچی تو پل کے نیچے نصب  ریموٹ کنٹرول بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس سے ان کی گاڑی کا ونڈ سکرین ٹوٹنے سمیت پل کو بھی جزوی نقصان ہوا لیکن وہ خود اپنے ساتھیوں سمیت محفوظ رہے۔ دھماکے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کئے پولیس نے نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔