بھارت سے تصفیہ طلب مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں: سلمان بشیر
نئی دہلی (آئی این پی) بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر سلمان بشیر نے کہا ہے کہ پاکستان، بھارت کیساتھ تعلقات کو بہتر بنانے اور تمام تصفیہ طلب مسائل پرامن مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے، مذاکرات مثبت اور نتیجہ خیز ہونے چاہئیں۔ وہ گذشتہ روز بھارت کے نائب صدر حامد انصاری سے ملاقات میں بات چیت کر رہے تھے۔ پاکستانی ہائی کمشن سے جاری بیان کے مطابق سبکدوش ہونیوالے ہائی کمشنر سلمان بشیر نے بھارت کے نائب صدر حامد انصاری سے الوداعی ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور‘ پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور جامع مذاکرات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ سلمان بشیر نے کہا کہ حکومت پاکستان بھارت کیساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان تصفیہ طلب مسائل کو پرامن مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی بہتری کیلئے پاکستانی قیادت اور عوام کی جانب سے خیرسگالی کے جذبات پہنچائے۔