ایجوکیٹرز کے لئے بی- کام اور ایم- کام کی ڈگری کو تسلیم کیا جائے

28 نومبر 2013

مکرمی! گزارش ہے کہ سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے ایجوکیٹرز کی بھرتی کے لئے پالیسی 2013ء جاری کی ہے اور اس سلسلہ میں NTS  کے تحت ٹیسٹ کے لئے درخواستیں بھی طلب کی گئی ہیں مگر پالیسی میں بی - کام اور ایم- کام کی ڈگری کو ایجوکیٹر کے لئے شامل نہیں کیا گیا اس سلسلہ میں عرض ہے کہ ۔
1۔ بی- کام کی ڈگری بی - اے کے برابر ہے اور عام بی- اے کی نسبت اس میں پڑھے جانے والے مضامین زیادہ وقعت رکھتے ہیں۔
2۔ ایم- کام کی ڈگری بھی اپنی مسلمہ حیثیت رکھتی ہے۔
3۔ سابقہ ریکروٹمنٹ پالیسی 2002ء تا 2009ء میں بی کام اور ایم کام کی ڈگری کو ہر سطح یعنی پرائمری سکول لیول، ایلمینٹری سکول لیول اور سکینڈری سکول لیول پر تسلیم کیا گیا اور شامل کیا گیا ان ڈگریوں کی بنیاد پر ایجوکیٹر بھرتی ہوئے اور بعدازاں ریگولر بھی ہوئے۔
4۔ موجودہ پالیسی میں بھی بی کام اور ایم کام کی ڈگری کو شامل نہ کرنا انصاف کے اصولوں کے خلاف ہے ڈگری ہولڈر کہاں جائیں۔ اندریں حالات آپ سے درخواست ہے کہ موجودہ پالیسی 2013ء میں بھی تعلیمی قابلیت میں بی کام اور ایم کام کو بھی شامل کیا جائے تاکہ ان ڈگری ہولڈرز کی داد رسی ہو سکے۔
(فائقہ امیر بنت محمد امیر الدین  ایم- کام، بی- ایڈ ساندہ ،لاہور)