کرنٹ لگنے سے لڑکا‘ 5 بچوں کی ماں پراسرار طور پر ہلاک
لاہور (نامہ نگار) مختلف واقعات میں خاتون سمیت 2 افراد ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق کوٹ لکھپت کے علاقہ میں پانچ بچوں کی ماں گھر میں پراسرار طور پر ہلاک ہو گئی۔ بابا فرید کالونی چونگی امرسدھو کی رہائشی نسیم نے دس سال قبل صابر نامی شخص سے دوسری شادی کی تھی جبکہ اس کے پہلے خاوند سے پانچ بچے تھے۔ گزشتہ روز نسیم بی بی گھر میں پراسرار طور پر مردہ حالت میں پائی گئی۔ محلے دار عاطف نے پولیس کو اطلاع کر دی۔ پولیس نے نعش قبضبہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرا دی۔ پولیس کے مطابق اصل صورتحال پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد معلوم ہو گی۔ علاوہ ازیں نشتر کالونی کے علاقہ اعوان مارکیٹ کا رہائشی 16 سالہ اظہر عرف مانی اقبال پارک، کماہاں روڈ پر گارمنٹس فیکٹری میں کام کرتا تھا۔ گزشتہ روز اظہر فیکٹری کی چھت پر کپڑے استری کرنے کے لئے گیا تو اس دوران اس کا ہاتھ بجلی کی تاروں سے چھو گیا۔ جس سے کرنٹ لگنے سے وہ جھلس گیا اور ہسپتال میں دم توڑ دیا۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاءکے حوالے کر دی۔