دہلی ہائیکورٹ میں کل سماعت‘یاسین ملک کو پھانسی ہو سکتی ‘ پاکستان عالمی سطح پر کیس اٹھائے: مشعال ملک

نئی دہلی +لاہور (این این آئی) بھارتی ایجنسی این آئی اے نے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی سزائےموت کے لیے دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دہلی ہائی کورٹ میں این آئی اے کی درخواست پر سماعت 29 مئی کو ہوگی، دہلی ہائی کورٹ کا دو رکنی بینچ 29 مئی کو این آئی اےکی درخواست پر سماعت کرےگا۔واضح رہے کہ گزشتہ سال نئی دہلی کی ایک عدالت نے یاسین ملک کو جھوٹے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک کو مارچ 2019 میں گرفتار کیا گیا تھا،گزشتہ سال عدالت نے یاسین ملک کو دہشت گردوں کی مالی معاونت کے مقدمے میں عمر قید سنائی تھی۔کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے 9مئی کو جناح ہاﺅس لاہورسمیت فوجی تنصیبات پر حملے اور جلاﺅ گھیراﺅ کرنے والوں کو نشان عبرت بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ مشعال ملک نے اپنی بیٹی کے ہمراہ جناح ہاﺅس لاہورکا دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مشعال ملک کا کہنا تھا کہ جناح ہاﺅس کے در و دیوار دیکھ کر ان کی روح کانپ اٹھی اور دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ پاکستان کے موجودہ حالات میں سب کو متحد ہونے کی ضرورت ہے، پاکستان تا قیامت رہے گا۔ مشعال ملک نے کہا کہ پاکستان کے پاس ایک مضبوط فوج ہے، مقبوضہ کشمیر میں کشمیری خواتین کی عزتیں اس لئے لوٹی جارہی ہیں کہ ان کے پاس مضبوط فوج نہیں ہے، مزید کہا مودی حکومت پیر کے روز یاسین ملک کو پھانسی دینے کا سوچ رہی ہے لیکن کشمیری شہادت اور موت سے نہیں ڈرتے، یاسین ملک ایک شخص نہیں بلکہ ایک تحریک کا نام ہے۔