راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آربابر افتخار نے یوم تکبیرپرکہا کہ 23 سال قبل آج کے دن پاکستان نے خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا۔
تفصیلات کے مطابق یوم تکبیر کے موقع پرڈی جی آئی ایس پی آربابر افتخارنے ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان نے 23 سال قبل آج کے دن اپنی جوہری طاقت کا مظاہرہ کیا، مسلح افواج اورقوم خواب کی تکمیل میں حصہ لینے والے تمام افراد کوخراج تحسین پیش کرتی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آرنے کہا کہ آج کے دن پاکستان نے خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا۔ پاکستان نے کم ازکم قابل اعتماد ایٹمی ڈیٹرنس برقراررکھتے ہوئے طاقت کا توازن قائم کیا۔
واضح رہے کہ 28 مئی 1998 قومی تاریخ کا ایک عظیم دن ہے، آج سے تئیس برس پہلے پاکستان دنیا کی ذمہ دار جوہری قوت کے طور پر سامنے آیا۔ تئیس برس قبل ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا، ایٹمی دھماکے اس لیے کیے گئے کہ گیارہ مئی انیس سو اٹھانوے کو پوکھران میں تین بم دھماکے کرکے بھارت نے خطے کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا تھا۔