ایٹمی دھماکوں کے بعد اب معاشی دھماکوں کی ضرورت ہے:سید عتیق الحسنین
لاہور( نیوز رپورٹر )ایٹمی دھماکوں کے بعد اب معاشی دھماکوں کی اہم ضرورت ہے۔ قدرتی وسائل اور معدنیات کو استعمال میں لاکر پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم اور مضبوط کیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کااظہارپیام یونین (اے بی سی ) تھرکول پراجیکٹ کے جنرل سیکرٹری سید عتیق الحسنین نے کیا۔ انھوں نے کہا کہ معاشی اعتبار سے مضبوط پاکستان ہی مضبوط دفاع کاضامن ہے۔ پاکستان اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی طاقت ہے اس وجہ سے یہ اسلام دشمنوں کی آنکھوں میں کھٹکتا ہے۔ ایٹمی صلاحیت اور تھرکول پراجیکٹ پاکستان کی عظمت ، دفاع ،معاشی طاقت اور سنہرے مستقبل کے دونشان ہیں۔دشمن پاکستان کو معاشی اعتبار سے کمزور کرکے مغلوب کرنا چاہتا ہے۔ پاکستان کی معیشت کو تیز ترکرنے میں تھرکول پراجیکٹ اہم کردار ادا کرسکتاہے۔تھر کول پراجیکٹ میں ڈاکٹر ثمر مبارک مند کی متعارف کردہ ٹیکنالوجی کی بدولت کوئلے کوروائتی طریقوں سے نکالنے کی بجائے زیرزمین ہی گیس میں تبدیل کردیاگیا ہے۔ اس گیس سے ایک لاکھ میگاواٹ بجلی تین سوسال تک بھی بنائے جائے توکوئلے کایہ ذخیرہ کافی ہوگا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ڈاکٹر ثمرمبارک مند کو تھرکول پراجیکٹ کے لئے ہنگامی بنیادوں پر بجٹ جاری کرے۔