لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے گرانٹ بریڈ برن کی ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ اور ثقلین مشتاق کی بطور ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئر ڈویلپمنٹ تقرری کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ تقرریاں، ہائی پرفارمنس سنٹر کی ری سٹرکچرنگ کا حصہ ہیں۔ جس کا مقصدنوجوانوں، خواہشمند اسپورٹ اسٹاف اور کھلاڑیوں کو ایک واضح راستہ فراہم کرنا ہے۔ دوسری جانب، 2 سابق ٹیسٹ کرکٹرز کے علاوہ لمز سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کرنے والے عصر ملک کو ہائی پرفارمنس آپریشنز منیجر مقرر کردیا گیا ہے۔ وہ کئی ملٹی نیشنل کمپنیز میں کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ تینوں تقرریاں، تعیناتی کے ایک مربوط عمل سے گزرنے کے بعد کی گئی ہیں۔ اس میں امیدواروں کی جانب سے تیار کی گئی پرزینٹیشنز اور پھر ایک اعلیٰ سطحی پینل( جس میں کرکٹ کمیٹی کے اراکین بھی شامل تھے)کا ان امیدواروں کا انٹرویو لینا شامل ہے۔گرانٹ بریڈ برن ستمبر 2018 سے قومی کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔ وہ اسکاٹ لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ بھی رہ چکے ہیں۔ 1990 سے 2001 تک 7 ٹیسٹ اور 11 ایک روزہ میچوں میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرنے والے گرانٹ بریڈ برن اس سے قبل نیوز ی لینڈ مینز اے اور انڈر 19 ٹیموں کی کوچنگ بھی کرچکے ہیں۔گرانٹ بریڈ برن، لیول تھری کوچ ہیں۔ وہ اس نئے عہدے پر ملک بھر کے ہائی پرفارمنس سنٹرز میں اسپورٹ اسٹاف کے مجموعی معیار کو بڑھانے کے ذمہ دار ہوں گے۔ وہ نئے طریقوں کو رائج کرنےکے ساتھ ساتھ انفرادی تعلیم اور بہترین نظام کے تحت ایک کامیاب ماحول پیدا کرنے میں شہرت رکھتے ہیں۔ وہ کوچز کی ترقی میں معاون ثابت ہونے والے ایک ایسا نظام ترتیب دینے کی اہلیت رکھتے ہیں جو مستقبل میں اپنی آراء کی تشخیص میں مدد فراہم کرے گا. ثقلین مشتاق کا انٹرنیشنل کرکٹ کیرئیر 1995 سے 2004 پر محیط رہا۔ ان کی ذمہ داریوں میں کھلاڑیوں کی شناخت، ان کی ڈویلمپنٹ اور تیاری اس انداز میں شامل ہوگی کہ وہ ورلڈ کلاس کرکٹرز بن سکیں۔ثقلین مشتاق کو "دوسرا" کا موجد کہا جاتا ہے۔ 18 برس کی عمر میں انہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل کے ایک کلینڈر ائیر میں 65 وکٹیں حاصل کرکے ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے اگلے ہی برس ایک کلینڈر ایئر میں 69 وکٹیں لے کر ایک نیا ریکارڈ بنایا جو اب تک برقرار ہے۔ وہ اپنی باؤلنگ میں اس قدر مؤثر تھے کہ انہوں نے 1سال اور 225 دنوں میں تیز ترین 100 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔ اب تک ان کے علاوہ کوئی اور باؤلر 2 سال سے کم عرصے میں یہ اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ثقلین مشتاق لیول تھری کوچ بھی ہیں۔ ماضی میں وہ انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کی مینز کرکٹ ٹیموں کے ساتھ اسپن باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے کام کرچکے ہیں۔ اس کے علاوہ ثقلین مشتاق پاکستان کرکٹ بورڈ، کرکٹ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کرکٹ کے ساتھ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024