عدالتی ا حکامات کے باوجود سبزی منڈی کے تاجروں کو بے دخل کیا جارہاہے:حافظ الیاس
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) صدر انجمن تاجراں پرانی سبزی منڈی حافظ محمد الیاس نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور تھانہ کوتوالی پولیس عدالت عظمیٰ کے احکامات کے باوجود سبزی منڈی کے تاجروں کو بے دخل کرنے کی کوشش کررہی ہے اور 70خاندانوں کا چولہا بند کرکے اس جگہ پارک بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سٹے آرڈر کی خلاف ورزی کے خلاف جب ایس ایچ او تھانہ کوتوالی کو درخواست دی گئی کہ کارپوریشن حکام کو اس عدالتی خلاف ورزی پر روکا جائے تو ایس ایچ او تھانہ کوتوالی خود ہی فریق بن گئے اور اہلیان سبزی منڈی کے خلاف ناجائز ایف آئی آر کاٹ دی اور صدر حافظ محمد الیاس اور دیگر تاجروں کے گھروں پر چھاپے مارنے شروع کردیئے انہوں نے کہا کہ سیشن کورٹ نے 5 جون کو ایس ایچ او کو اپنی عدالت میں طلب کررکھا ہے احتجاجی مظاہرے میں تاجر راہنما عظیم بٹ، ایوب بھٹی ،شیخ ماجد،مولوی یاسین ، محمد خالد ،محمد اشرف ،ندیم ، محمد نواز ،عبدالعزیز بھی موجود تھے۔