وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی - ملاقا ت میں باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے پنجاب کے نگران وزیر اعلی کا فیصلہ کیا گیا- بعد ازاں دونوں رہنماؤں نے گفتگو کرتے ہوئے ناصر سعید کھوسہ کا نگران وزیر اعلی کے طور پر اعلان کیا- اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید سے مشاورت کے بعد نگران وزیر اعلی کے طور پر ناصر سعید کھوسہ کے نام پر اتفاق رائے کیا ہے - دو روز قبل ملاقات میں کچھ نام میں نے تجویز کئے اور کچھ نام میاں محمود الرشید صاحب نے تجویز کئے- ہم دونوں نے بعد ازاں اپنی اپنی پارٹی لیڈر شپ سے بھی مشورہ کیا اور اتفاق رائے اورمشاورت کے بعد ایک نام پر متفق ہو گئے- یہی جمہوریت کا حسن اور اس کی فتح ہے - وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے بتایا کہ مشاورت کے بعد مکمل اتفاق رائے کے بعد سابق پبلک سرونٹ ناصر سعید کھوسہ کے نام پر اتفاق کیا - انہوں نے دوران سروس انتہائی دیانتداری اور محنت کے ساتھ اپنی ذمہ داریا ں سرانجام دیں - مجھے امید ہے کہ ان سے قوم کو جو توقعات وابستہ ہیں وہ ان پر پورا اتریں گے اور شفاف الیکشن کیلئے اپنا تجربہ اور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے تا کہ صوبے میں سیاسی جماعتیں ہر طرح آزادانہ طور پر الیکشن میں حصہ لے سکیں اورسب کیلئے انتخابات میں مساوی مواقع ہوں -وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے کہا کہ توقع ہے عوام انتخابات میں جس پارٹی کو بھی ووٹ دینا چاہیں گے انہیں پوری آزادی ہو گی اور پاکستان دوبارہ جمہوری دور میں داخل ہو گا- وزیر اعلی نے کہا کہ یہ عوام کی فتح ہے ،میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کا شکرگزار ہوں کہ مشاورت کے اس عمل سے جمہوریت کو توانائی ملتی ہے اور قائدؒ اور اقبالؒ کے تصورات کے مطابق ملک کی ترقی کی راہ استوار کرنے میں مدد ملے گی- اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے دوسری ملاقات نتیجہ خیز ثابت ہوئی - مختلف ناموں پر غور اور پی ٹی آئی رہنما عمران خان کے ساتھ مشورے کے بعد ناصر سعید کھوسہ کے نام پر اتفاق کیا گیا ہے - مجھے امید ہے کہ ان سے شفاف انتخابات کے بارے میں جو توقع وابستہ کی گئی ہے وہ غیر جانبداری کے ساتھ اپنا رول اسی طرح ادا کریں گے -میں اس موقع پر پنجاب کے عوام کو مبارکباد دیتا ہوں -
پنجاب کا نگراں وزیر اعلیٰ ناصر کھوسہ کون؟
ناصر سعید کھوسہ بلوچستان اور پنجاب کے چیف سیکریٹری رہ چکے ہیں۔اس سے قبل انہوں نے وزیر اعظم کے ایڈیشنل سیکریٹری، کمشنر لاہور، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد، ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ، ایڈیشنل سیکریٹری زرات و خوراک، گورنر پنجاب کے پرنسپل سیکریٹری کے فرائض بھی انجام دیئے۔ناصر سعید کھوسہ پاناما عملدرآمد کیس میں سپریم کورٹ کے بینچ کا حصہ رہنے والے جج آصف سعید کھوسہ اور پولیس میں اعلیٰ عہدوں پر فائز رہنے والے طارق سعید کھوسہ کے بھائی ہیں۔