آئی پی ایل ،واٹسن کی دھواں دار بیٹنگ، چنائی سپر کنگز تیسری بار چیمپئین بن گئی
ممبئی (سپورٹس ڈیسک )چنائی سپر کنگز کے آل راؤنڈر شین واٹسن نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 11 ویں فائنل میں شاندار بلے بازی کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو کامیابی دلوائی ہے۔ممبئی کے وانکھیڑے سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل میں چنائی سپرکنگز نے حیدر آباد سنرائزر کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی۔ انھوں نے حیدرآباد کا 179 رنز کا ہدف 18.3 اوورز میں مکمل کر لیا۔ شین واٹس نے 57 گیندوں پر 117 رنز بنائے۔دھونی نے جب ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو حیدرآباد کی ٹیم کو میچ کے دوسرے اوور میں ہی پہلا نقصان اس وقت ہوا جب شریوات گوسوامی پانچ رن بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شیکھر دھون تھے جو 26 رنز بنا کر جدیجا کی گیند پر بولڈ ہوئے۔کپتان کین ولیمسن 47 رنز بنا کر کرن شرما کی گیند پر سٹمپ ہوگئے۔ آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی شکیب الحسن تھے جنھوں نے 27 رنز بنائے۔ دیپک حودا صرف تین رنز بنا سکے جبکہ اننگز کی آخری گیند پر براتھ وائٹ کیچ آؤٹ ہوئے۔ انھوں نے 21 رنز بنائے۔چنائی کی جانب سے شردل ٹھاکر، لونگی گدی، کرن شرما، ڈیون براوو، اور راوندر جدیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔