ملا اختر منصور فنڈز اکٹھے کرنے مشرق وسطیٰ جایا کرتے تھے، ایران کے بھی دورے کئے: ذبیح اللہ مجاہد
کابل (این این آئی)افغان طالبان نے کہاہے کہ ان کے سابق امیر ملا اختر منصور گزشتہ ایک دہائی کے دوران طالبان کی لڑائی جاری رکھنے کے لیے اکثر مشرق وسطیٰ فنڈ اکٹھے کرنے جایا کرتے تھے۔ نجی ٹی وی کے مطابق افغان طالبان کے مرکزی ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ امریکی ڈرون حملے میں مارے جانے والے ملا اختر محمد منصورپاکستانی پاسپورٹ کے ذریعے متحدہ عرب امارات جایا کرتے تھے۔ملا اختر منصور 2001 سے اقوام متحدہ کی نو ۔ فلائی فہرست میں شامل تھے۔ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق ملا اختر منصور، طالبان جنگ کے حوالے سے تبادلہ خیال اور فنڈز اکٹھے کرنے کیلئے متحدہ عرب امارات میں افغان تاجروں اور اسلامی ممالک کے مندوبین سے ملاقاتیں کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ ملا اختر منصور نے پڑوسی ملک ایران کے بھی کئی غیر سرکاری دورے کیے۔ افغان سکیورٹی عہدار نے دعویٰ کیا ہے کہ ملا اختر منصور 18بار دبئی اور ایک بار بحرین گیا ۔افغان سیکیورٹی عہدیدار کے مطابق ملا اختر منصور پاکستانی پاسپورٹ پر کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بیرون ملک سفر کیلئے گزشتہ 9 سال سے ولی محمد کی عرفیت استعمال کرتا تھا۔عہدیدار کے مطابق ملا اختر منصور 18 بار دبئی اور ایک بار بحرین گیا۔ افغان سکیورٹی ایجنسیز نے ملا اختر منصور کے بیرون ملک دوروں کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دیں۔ افغان صدر اشرف غنی کے نائب ترجمان سید ظفر ہاشمی کے مطابق افغان سیکیورٹی ایجنسیز ملا اختر منصور کے بیرون ملک دوروں کے حوالے سے تحقیقات کر رہی ہیں۔