کراچی میں امن کے لئے بیرونی مداخلت کا خاتمہ ضروری ہے ، حافظ سعید
کراچی( نیوز رپورٹر) امیرجماعة الدعوة پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشیا ءمیں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ ڈالروں کی خاطر ملکی و قومی مفادات کو قربان کرنادرست نہیں۔پاکستانی دریاﺅں پر سے قبضہ چھڑانے کیلئے حکمرانوں کو سنجیدگی سے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔مسلمانوں کو آپس میں دست و گریبان کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ بیرونی قوتوں کی سازشوں سے باخبررہنے اوراسلام کی صحیح دعوت پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ ۔کراچی میں امن و امان کے لیے بین الاقوامی سازشوں کا خاتمہ ضروری ہے۔ اتحاد امت اور استحکام پاکستان کیلئے بھرپور انداز میںکوششیں جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز تقویٰ گلشن اقبال میں دفاع امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما حافظ عبدالسلام بن محمد، تحریک حرمت رسول ﷺ کے کنوینئر مولانا امیر حمزہ، تحریک آزادی جموں کشمیرکے چیئرمین حافظ سیف اللہ منصور، نصر جاوید، مفتی محمد یوسف طیبی اور مولانا ابوعکاشہ منصور نے بھی خطاب کیا۔ بھارت سے دوستی کر کے بجلی لینے کے بجائے اپنے دریاﺅں پر سے بھارتی قبضہ چھڑایا جائے ۔انہوںنے کہاکہ امریکہ گوادر کی بندر گاہ پر اپنا قبضہ جمانا چاہتا تھا تاکہ شمالی علاقہ جات کو کنٹرول کر کے وسط ایشیا تک اپنی رسائی مستحکم کرسکے۔ گوادر بندرگاہ نہ ملنے اور افغانستان میں شکست پر امریکہ کے حوصلے پست ہو چکے ہیں۔