پاسپورٹ بحران پر جلد قابو پا لیا جائے گا: محمد شریف
ملتان (جنرل رپورٹر) اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاسپورٹ آفس ملتان محمد شریف نے کہا ہے کہ پاسپورٹ بحران پر بہت جلد قابو پا لیا جائے گا۔ اس ضمن میں ڈی جی پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ ذوالفقار علی چیمہ نے موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔ جن میں ملک بھر سے ٹیکنیکل سٹاف ڈائریکٹوریٹ اسلام آباد تعیناتی اور پاسپورٹ کی پرنٹنگ کیلئے تین شفٹوں کا قیام شامل ہیں۔ نوائے وقت سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیک نیتی سے کام کیا جائے تو بحران کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ پاسپورٹ کا بحران اس وقت کے ڈی جی پاسپورٹ کی غفلت کے باعث پیدا ہوا جب ڈائریکٹوریٹ سے روزانہ کی بنیاد پر صرف 500 پاسپورٹ کا اجراءکیا جا رہا تھا جبکہ آج روزانہ کی بنیاد پر 20 ہزار پاسپورٹ کا اجراءکیا جا رہا ہے۔ آئندہ ایک ماہ تک پاسپورٹ بحران پر تقریباً قابو پا لیا جائے گا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی توجہ پاسپورٹ کی جانب سے اضافی فیسوں کی واپسی کے فیصلے پر دلائی گئی تو انہوں نے کہا کہ حکومت خزانے میں جمع ہو کر واپسی ناممکن ہو جاتی ہے تاہم حکومت چاہے تو عوام کو ریلیف دیتے ہوئے اضافی رقوم واپس کر سکتی ہے۔