نوازشریف وزیراعظم بن کر ملک کا کھویا ہوا وقار بحال کرینگے: حمزہ شہباز
نوازشریف وزیراعظم بن کر ملک کا کھویا ہوا وقار بحال کرینگے: حمزہ شہباز
لاہور (خصوصی رپورٹر) نواز شریف پاکستان کے وزیر اعظم بن کر ملک کا کھویا ہوا وقار بحال کریں گے اور ملکی معیشت میں انقلاب لاکر عوام کے ہر طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ لوڈشیڈنگ کی بنیادی وجہ گزشتہ حکومت کی بدعنوانی اور نااہلی ہے ملک کو توانائی اور معاشی بحران سے نکالنے کیلئے روڈ میپ تیار کرلیاگیاہے ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہبازشریف نے پیر کومسلم لیگ(ن) کے سیکرٹریٹ ماڈل ٹاﺅن میں مختلف اضلاع سے آئے ہوئے وفود سے ملاقا ت کے دوران کیا۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت ہر چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیارہے۔ نواز شریف پاکستان دوست ممالک میں بھی بڑے ہر دلعزیز ہیں یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے الیکشن جیتنے کے بعد سعودی عرب، چین، ترکی اور ایران نے پاکستان کے توانائی سمیت تمام مسائل کے حل کیلئے پر خلوص اور ہر ممکن تعاون کی پیشکش کر دی۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت سرکاری اخراجات میں کمی کرکے وسائل عوام پر نچھاور کرنے کی پالیسی کو فروغ دے گی او رگزشتہ حکومت کے ہاتھ تباہ حال تمام اداروں کی نہ صرف تعمیر نوکی جائے گی بلکہ انہیں کرپشن سے پاک کرکے منافع بخش اداروں میں تبدیل کردیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ وہ دن اب زیادہ دور نہیں جب عوام بدلا ہوا پاکستان دیکھیں گے۔
حمزہ شہباز