پچھلے 5 سال میں مسائل حل نہ ہونے کی ذمہ دار بیڈ گورننس کے ساتھ فرینڈلی اپوزیشن بھی ہے: بابر اعوان
اسلام آباد (این این آئی) پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ آئندہ حکومت میں گڈ گورننس کےلئے مضبوط اپوزیشن کی ضرورت ہے۔ پیر کو سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ آنے والے دور میں حکومت کے گھوڑے کو بے لگامی سے روکنے کیلئے طاقتور اپوزیشن چاہئے، اب اپوزیشن کا کردار کسی مفاہمتی فارمولے سے نہیں بلکہ آئین پاکستان اور رولز آف بزنس کے تحت طے ہوتا ہے۔ سابق وزیر قانون نے کہا کہ نئی حکومت کا مدت پوری کرنا اس کا حق ہے تاہم اپوزیشن حکومت کی مرضی کی نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 5 سال میں جو مسائل حل نہیں ہوئے اس کی جتنی ذمے داری ناکام گورننس کی ہے اتنی ہی فرینڈلی اپوزیشن کی بھی تھی۔ بابر اعوان نے کہا کہ نئے جمہوری نظام کیلئے چیک اینڈ بیلنس کا نظام اپوزیشن وضع کر سکتی ہے اور مفاہمت کے نام پر سودے بازی نہیں ہونی چاہئے۔