نوازشریف نے 6 ایٹمی دھماکے کرکے ملک کو ناقابل تسخیر بنایا‘ معیشت کی بحالی میں کامیاب ہو جائیں گے : شہبازشریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) نامزد وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 28 مئی کا دن قوم کے لئے تاریخ ساز دن کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس روز قوم نے اپنے وزیراعظم کی قیادت میں عالمی دباﺅ کو مسترد کر کے ایسا فیصلہ کیا جس نے پاکستان کے دفاع کو اللہ کے فضل سے ہمیشہ کے لئے ناقابل تسخیر بنا دیا۔ پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ اسے ایک بار پھر نوازشریف جیسے قائد کی رہنمائی حاصل ہے جس کے نزدیک پاکستان کی سربلندی، خودمختاری اور سالمیت بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ جس طرح بھارت کے 5 دھماکوں کے مقابلے میں 6 دھماکے کر کے نوازشریف نے پاکستان کے تحفظ و سلامتی کو یقینی بنایا تھا اسی طرح وہ اپنی اقتصادی حکمت عملی کے ذریعے بحرانی کیفیت سے دوچار پاکستان کی معیشت کو دوبارہ بحال کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ اس سے قبل میڈیا کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخابات کا سب سے بڑا سبق یہ ہے کہ عوام کی خدمت رائیگاں نہیں جاتی۔ مسلم لیگ (ن) کی کامیابی اس امر کی دلیل ہے کہ عوام نعروں اور عمل کی سیاست میں فرق سے بخوبی آگاہ ہیں۔ بلوچستان میں حکومت سازی کا عمل مسلم لیگ (ن) کی دونوں اتحادی جماعتوں کی مرضی سے مکمل کیا جائے گا، اس ضمن میں محمود خان اچکزئی، حاصل بزنجو اور ڈاکٹر عبدالمالک سے مشاورت جاری ہے۔ ہم بلوچستان میں ایک ایسی حکومت چاہتے ہیں جو نہ صرف تمام سیاسی مکاتب فکر کی ترجمانی کرے بلکہ صوبے کو ملنے والے فنڈز کو ماضی کے برعکس شفاف نظام کے تحت اپنے عوام کی خوشحالی، سڑکوں کی تعمیر و توسیع، طبی سہولتوں کے اجرا اور نوجوانوں کے لئے روزگار کی فراہمی پر صرف کرے۔ نومنتخب ارکان اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے محمد شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کا گذشتہ پانچ سالہ دور حکومت گڈ گورننس کی روشن مثال ہے، آج دوسرے صوبوں کے عوام حکومت پنجاب کی کارکردگی اور اس کے منصوبوں کو مثال کے طور پر پیش کرتے ہیں۔ کراچی کے ایک روزہ دورے کے دوران زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے ان سے مل کر مسلم لیگ (ن) کی آئندہ حکومت کے تحت کراچی میں میٹرو بس سروس کے پروگرام پر میاں محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ اہل کراچی کا مطالبہ تھا کہ سندھ میں بھی پنجاب کی طرح ہونہار طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں، آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم کی طرح غریب عوام کے لئے ہاﺅسنگ سکیمیں بنائی جائیں۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب کی حکومت کراچی میں میٹرو بس کے قیام کے لئے اپنی مشاورتی خدمات مفت پیش کرے گی، اس منصوبے کی تکمیل کے لئے ان کی ذاتی خدمات بھی حاضر ہونگی۔