لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر سنٹرل پولیس آفس میں ڈی ایس پی عہدے پر ترقی پانے والے افسران کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے 78 افسران کو ڈی ایس پی عہدے کے رینک لگائے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پروموٹ ہونے والے ڈی ایس پیز کے والدین، بچوں اور اہلخانہ کی بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور سینئر افسران نے ترقی پانے والے افسران اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ کرائم کنٹرول اور ایڈمنسٹریشن کو یکساں اہمیت دینے والا ہی کامیاب افسر ہوتا ہے۔ لا اینڈ آرڈر، کرائم کنٹرول، انتظامی امور اور پبلک سروس ڈلیوری کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا موثر استعمال یقینی بنائیں۔ ماتحت فورس کی استعدادکار، ضروریات اور ویلفیئر کا خاص خیال رکھیں۔ سکیورٹی، لا اینڈ آرڈر، دہشت گردی اور مذہبی منافرت پر قابو پانا پولیس کو درپیش اہم ترین چیلنجز ہیں۔ پنجاب پولیس سرحدی چیک پوسٹوں پر خوارجی دہشت گردوں اور کچہ ایریا میں ڈاکوؤں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہے۔ تقریب میں بابر اشرف، آصف عطا، ذکی ریحان، عبدالمجید، اسدرشید، محمد یعقوب،انیل انور، قمر عباس، راؤ دلشاد علی،عبدالعظیم و دیگر کو ڈی ایس پی عہدے کے رینک لگائے گئے۔ ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر محمد عابد خان، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون سلیمان سلطان رانا، ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی محمد احسن یونس، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کیپٹن(ر) لیاقت علی ملک اور اے آئی جی فنانس ڈاکٹر ندا عمر چٹھہ سمیت سینئر افسران نے شرکت کی۔
سکیورٹی، لا اینڈ آرڈر، دہشتگردی ‘مذہبی منافرت چیلنجز ہیں:آئی جی پنجاب
Mar 28, 2025