اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ سیاسی استحکام معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے انہوں نے تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا ہے کہ وہ اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرکے ملکی معاشی مفادات کو ترجیح دیں۔استحکام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ غیر یقینی صورتحال سرمایہ کاری، تجارت اور صنعتی ترقی کو روکتی ہے، لہذا قومی ترقی کے لیے اتفاق رائے کی تشکیل ضروری ہے۔انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ تعمیری بات چیت کے لیے حکومتی رضامندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے سیاسی اور معاشی استحکام کو یقینی بنانے کی جانب ایک قابل ستائش قدم قرار دیا ہے انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اس اقدام سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور پاکستان کے کاروباری ماحول کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا ہے کہ اہم سیاسی قوتوں کے درمیان بات چیت کو فروغ دینا قومی چیلنجوں سے نمٹنے اور اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے بہت ضروری ہے۔آئی سی سی آئی کے صدر نے امن، استحکام اور اقتصادی بحالی کے اقدامات کے لیے کاروباری برادری کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تمام سیاسی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی معاشی خوشحالی کو محفوظ بنانے کے لیے بات چیت کو اپنائیں ۔
سیاسی استحکام معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ، ناصر منصور قریشی
Mar 28, 2025