خواتین کی عید تیاریاں، بازاروں، مارکیٹوں میں زبردست رش 

Mar 28, 2025

لاہور (لیڈی رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں خواتین کی عید الفطر کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔ ہر عمر کی خواتین نے جلد از جلد اپنی عید شاپنگ مکمل کرنے کیلئے شہر کے مختلف بازاروں اور مارکیٹوں کا رخ کر لیا۔ بچے بھی اپنی پسند کی شاپنگ کے لئے  پہنچ گئے اور عید کی رونقیں دوبالا ہوگئیں ہیں۔ خواتین کی بڑی تعداد کپڑوں کے بعد میچنگ جیولری ڈھونڈنے کیلئے کیلئے بازاروں میں لگے منفرد اور خوبصورت جیولری سٹالز پر موجود رہی جبکہ شہر کے مختلف بیوٹی سیلونز پر بھی ہر عمر کی خواتین کا رش رہا تو بچے جوتے اور ریڈی ٹو وئر ملبوسات خریدتے دکھائی دئیے۔ انارکلی میں عید شاپنگ کے لئے آنے والی خواتین نمرہ اور فوزیہ نے ’’نوائے وقت‘‘ سے گفتگو میں کہا کہ کپڑوں کے ساتھ میچنگ جیولری ڈھونڈنا سب سے بڑا ٹاسک ہے جبکہ مختلف اقسام کے فیشیلز، سکن پالش، ہیئر کٹنگ اور مینی پیڈی کیور کے علاوہ مختلف سروسز لینا بہت ضروری ہے تاکہ عید کے روز تروتازہ نظر آئیں اور اس سب کے بغیر عید کی تیاریاں ممکن نہیں۔ دوسری جانب خواتین کی بڑی تعداد مہنگائی پر تلملاتی اور سستی چیزوں کی تلاش میں ایک سے دوسری دکان کا رخ کرتی رہی۔ مون مارکیٹ میں شاپنگ کے لئے آنے والی شہلا اور طوبیٰ نے کہا کہ ہم مڈل کلاس لوگ ہیں اور ہماری شاپنگ کی بھی ایک حد ہے مگر مہنگائی نے سارے بجٹ کو ہی درہم برہم کر کے رکھ دیا۔ اس لئے بہت سی چیزیں خریدے بغیر گھروں کو واپس جانے پر مجبور ہیں، عید پہ بھی گھر بھر کی شاپنگ نہ کر پائیں تو بہت تکلیف ہوتی ہے، حکومت مہنگائی پر قابو پائے۔ محنت کش خواتین ثریا اور بسمہ نے کہا کہ ہمارے مردوں نے روزوں میں دو دو جابز کیں تاکہ گھر والوں کیلئے عید پر تو کچھ خرید سکیں مگر یہاں ہر چیز کی قیمت کو آگ لگی ہوئی ہے، بچوں کے لئے اس عید پر بھی نئے کپڑے جوتے خریدنا ممکن نہیں۔

مزیدخبریں