کورونا وائرس:طبی عملے کوحفاظتی آلات کی فراہمی کیلئے جامع منصوبہ وضع کیا جارہا ہے.ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان
اطلاعات ونشریات کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ہفتے کے روز صوبائی وزرائے اطلاعات کی ویڈیو کانفرنس کی صدارت کی جس میں ملک میں کوروناوائرس کی وباء سے متعلق موجودہ صورتحال کاجائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہنگامی امدادی ادارے کی معاونت سے کوروناوائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے طبی عملے کو حفاظتی کٹس اور آلات کی فراہمی اور ملک میں طبی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے ایک جامع منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ڈاکٹروں، نرسوں اور معاون طبی عملے کے تحفظ کیلئے ضروری آلات کی فراہمی کی غرض سے ہر ممکن کو ششیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے صوبائی محکموں پر زور دیا کہ وہ کوروناوائرس کے پھیلائو کی روک تھام کیلئے کئے گئے فیصلوں اور اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ صوبوں کے درمیان درست اطلاعات ومعلومات کے تبادلے کیلئے وزارتی سطح پر ایک واٹس ایپ گروپ تشکیل دے گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آئسولیشن سینٹروں کا دورہ کرنے والے صحافیوں کیلئے حفاظتی کٹس بھی فراہم کی جائیںگی۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ صحافیوں کیلئے کوروناوائرس سے متعلق ایک ایپ متعارف کرائی جائیگی جہاں متاثرہ صحافی رجسٹر ہو سکیں گے اور اس سے درست خبروں کی فراہمی میں بھی مدد ملے گی۔ گلگت بلتستان اور آزادجموں کشمیر سمیت تمام صوبائی محکمہ اطلاعات کے نمائندوں نے ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی۔