تاجروں کے مطالبات اعلی حکام تک پہنچائوں گا ، ایس ای آئیسکو
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹرسے)مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی (رجسٹرڈ) نے بجلی بلوں کی اقساط کے معاملے میںصرف گھریلو صارفین کو شامل کئے جانے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کردیاہے اور اس ریلیف پیکج میں کمرشل صارفین کو بھی شامل کرنے سمیت پندرہ یوم کے لاک ڈاؤن کے دوران بجلی استعمال پر تمام سرچارج معاف کرنے کا مطالبہ کردیاہے،یہ مطالبات گذشتہ روز مرکزی انجمن تاجران (رجسٹرڈ) کے صدر شرجیل میر اور جنرل سیکرٹری طاہر تاج بھٹی نے ایس ای آئیسکو راولپنڈی محمد زبیر خان سے ملاقات کے دوران کیے۔انھوں نے مزید کہا ہے کہ چونکہ لاک ڈاؤن کے ایام میں سب سے زیادہ نقصان تاجر برادری کا ہو رہاہے، تاجر لاک ڈاؤن کے ایام میں دکانوں کے کرائے، ملازمین کی تنخواہ، انکے گھر کا راشن بجلی پانی گیس کے بل ادا کررہے ہیں لیکن حکومتی ریلیف پیکج میں انھیں شامل نہ کیا گیا ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ چونکہ سات اپریل تک لاک ڈاؤن چلے گا اس لیے بجلی بلوں کی اقساط کا فارمولا سات اپریل کے بعد رائج کیا جائے اور اس میں کمرشل صارفین کو بھی شامل کیا جائے، اور حکومت ریلیف پیکج میں چھوٹے تاجروں کو بھی شامل کرے، جس پر ایس ای راولپنڈی محمد ذبیر خان نے کہا ہے کہ چونکہ ابھی تک ریلیف پیکج کی جو معلومات سامنے آئی ہیں اس میں صرف تین سو یونٹ تک استعمال والے گھریلو صارفین کو شامل کرنے کی ہدایت کی گئی اور کمرشل صارفین کے حوالے سے کوئی ہدایات نہیں ہیں تو کمرشل صارفین کو ریلیف دینا میرے دائرہ اختیار میں نہیں ہے لیکن تاجروں کے مطالبات اپنے اعلی حکام تک پہنچاوں گا پھر جو ہدایات سامنے آئیں اس کے مطابق عمل کیا جائے گا۔