ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف کی زیر صدارت اجلاس
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف کی زیر صدارت اہم اجلاس، کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پنجاب بھر کی طرح ضلع میں جاری لاک ڈاؤن کے دوران اشیائے خوردونوش کی کنڑول قیمتوں پر دستیابی اور سپلائی چین کو بلا تعطل جاری رکھنے کے سلسلہ میں کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام محکمے موجودہ حالات کے پیش نظر پھل سبزیاں، اجناس، آٹا، گھی، دالوں وغیرہ سمیت دیگر ضروری اشیاء کی ہر علاقہ میں دستیابی کو یقینی بنائیں تا کہ شہریوں کو ضروریات زندگی کے حصول میں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ای اے ڈی اے مارکیٹ کمیٹی عامر شاہ، ڈی او انڈسٹریز طارق شفیق، ڈی ایف سی ماجد خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر جاوید اختر پڑھیاڑ نے سپلائی چین، ضلع میں اشیاء کے سٹاک، قیمتوں بارے بریفنگ دی۔ ای اے ڈی اے عامر شاہ نے بتایا کہ ان اشیاء کی روزانہ کی بنیاد پر ڈیمانڈ تمام تحصیلوں (سٹی،صدر،کامونکی،نوشہرہ ورکاں،وزیر آباد) میں وافر سٹاک موجود ہے، دیگر اضلاع میں موجودہ قیمتوں کا بھی تقابلی جائزہ لیا جارہا ہے، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان کی ہول سیل مارکیٹوں سے بھی روزانہ کی بنیاد پر سٹاک اور قیمتوں بارے معلومات لی جارہی ہیں تاکہ اشیائے ضروریہ کی سپلائی بلا رکاوٹ جاری رکھی جاسکے۔