بوگس چیک دینے والے ملزم ہاشم فاروق جٹ کیجانب سے دائر ضمانت درخواست مسترد
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ آف پاکستان نے بوگس چیک دینے والے ملزم ہاشم فاروق جٹ کی جانب سے دائر ضمانت درخواست مسترد کردی ہے۔ جمعہ کو جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے بوگس چیک دینے والے ملزم ہاشم فاروق بٹ کی جانب سے دائر ضمانت درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس مشیر عالم نے درخواست گزار کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے ریماکس دیئے کہ ان حالات میں آپ ضمانت کیوں لینا چاہتے ہیں۔ وکیل درخواست گزار نے دلائل دیئے کہ میرا موکل پانچ ماہ سے جیل میں ہے، وہ دیگر پانچ افراد کیساتھ کاروبار میں شراکت دار تھا، ہم نے جو چیک دیا وہ گم ہوگیا تھا۔ جس پر جسٹس قاضی محمد امین نے ریمارکس دیئے کہ آپ کے موکل پر چھ اور مقدمات بھی ہیں۔ عدالت عظمی نے ملزم ہاشم فاروق جٹ کی جانب سے دائر ضمانت درخواست مسترد کرتے ہوئے خارج کردی۔