وفاقی وزیر مشاہداللہ سے فرانس کے سفیر مارک بیئرٹی کی ملاقات
اسلام آباد ( نوائے وقت نیوز)وفاقی وزیر موسمیاتی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے مسائل پر قابو پانے میں رہنمائی کے سلسلہ میں فرانس کا فعال کردار قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے یہ بات پاکستان میں فرانس کے سفیر مارک بیئرٹی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہی ،گزشتہ روز وزارت موسمیاتی تبدیلی میں وفاقی وزیر سینیٹر مشاہد اللہ خان سے ملاقات کی ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ فرانس نےسی او پی 21کانفرنس منعقد کی ۔ انہوںنے پاکستان میںموسمیاتی تبدیلیوں پر قابو پانے کے سلسلے میں پاکستان میں فرانس کی سابق سفیر مارٹین ڈورینس کی طرف سے کئے گئے اشتراک کا رکو بھی سراہا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون امریکہ کے موسمیاتی تبدیلیوں کے عالمی معاہدہ سے نکلنے کے بعد ہونے والا خلاء پر کر رہے ہیں ۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے مسئلہ میں نجی شعبہ اور کارروباری برادری کو شامل کرنے کے لئے اعلیٰ سطحی کانفرنس منعقد کی ۔ پاکستان بھی اسی طرح کے اقدامات اٹھائے گا ۔ انہوںنے کہا کہ ہم موسمیاتی تبدیلیوں کی روک تھام میں صوبوں اور نجی شعبہ کو شامل کرنے کے لئے موسمیاتی تبدیلی کی کونسل اور اتھارٹی قائم کر رہے ہیں ۔انہوںنے فرانسیسی سفیر کو گھر گھر ایک شجر سکیم کے بارے میں بتایا جو کہ اسلام آباد میں بڑے پیمانے پر شجر کاری کی مہم ہے ۔ انہوںّ نے بتایا کہ ہم نے 7000سے زائد گھر وں میں پودے دے کرہدف سے بھی زیادہ پودے لگائے ہیں۔