اوپن یونیورسٹی ریسرچ کلچر کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،ڈاکٹر شاہد صدیقی
اسلام آباد (نا مہ نگار) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا ہے کہ اوپن یونیورسٹی نے گذشتہ ساڑھے تین سال کے عرصے میں ریسرچ کلچر کے فروغ پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی ہے ٗ اس حوالے سے کئے گئے مختلف اقدامات میں جدید ساز و سامان سے آراستہ چار سٹیٹ آف دی آرٹ سائنس لیبارٹریز کا قیام بھی شامل ہے ٗ دیگر جامعات کے طلبہ و طالبات کو بھی اِن لیبارٹریز کے استعمال کی اجازت فراہم کردی گئی ہے۔ان خیالات کا اظہار علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ٗ پروفیسرڈاکٹر شاہد صدیقی نے یونیورسٹی کے شعبہ کمیٹسری کے زیر اہتمام"کمپیو ٹیشنل کیمسٹری"کے موضوع پر منعقدہ سیمینار کی افتتاحی اجلاس سے خطاب میں کیا۔ریسرچ کے میدان میں کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی کو ساڑھے تین سال کے عرصے میں 20ریسرچ پراجیکٹس ملے جن میں 12ایچ ای سی اور 8دیگر اداروں کی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہنے پر ہم فخر محسوس کرتے ہیں کہ اوپن یونیورسٹی پاکستان کی واحد جامعہ ہے جس نے ساڑھے تین سال کی قلیل مدت میں 17ریسرچ جرنل شائع کئے اور 32کانفرنسز منعقد کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں جو تبدیلی کئی برسوں میں آتی تھیں وہ اب گھنٹوں میں آتی ہیں ٗ موجودہ مقابلے کی دوڑ میں آگے رہنے کے لئے ہمیں اپنے آپ کو اپ ٹو ڈیٹ رکھنا ہوگا اور زمانے کی رفتار کے ساتھ قدم ملا کر چلنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی اپنے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی کے تربیتی پروگرامز پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔