پی ٹی آئی فنڈنگ کیس ، چیف الیکشن کمشنر نے تحقیقات کیلئے نئی کمیٹی بنادی ، 3اپریل کو پیشی کا حکم
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) تحریک انصاف کے پارٹی فنڈنگ کیس میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا نے تحقیقات کیلئے نئی فیکٹ فائنڈنگز کمیٹی تشکیل دیدی۔ فریقین کو 3 اپریل کو اس نئی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا حکم بھی دیدیا ہے۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا نے کہا آئندہ 2 روز تک 2 نئے ممبران کا تقرر کر دیا جائے گا۔ تحقیقاتی کمیٹی 3 اپریل کو پی ٹی آئی کے پارٹی فنڈز کیس کی چھان بین کرے گی۔ گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا پارٹی فنڈز کی چھان بین کیلئے بنائی کمیٹی کے 2 افسران نے تحقیقاتی کمیٹی کا حصہ بننے سے معذرت کر لی تھی۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے کہا کہ گلی گلی میں شور ہے عمران خان کچھ اور ہے، خیبر پی کے میں تحریک انصاف نے احتساب کمشن کے ساتھ وہی کیا جیسے بلی کو دودھ کا رکھوالا رکھا جائے، احتساب کمیشن کو صوبائی وزیر کا رشتہ دار چلا رہا ہے، ان کے قول وفعل میں تضاد ہے، پانامہ کے معاملے کا احتساب سے کوئی تعلق نہیں بلکہ صرف سیاسی حریف کو گرانا تھا، تحریک انصاف کے اکائونٹس میں ہنڈی کے ذریعے پیسہ آیا، عمران خان پر ہاتھ کیوں نہیں ڈالا جا سکتا، ثبوت موجود ہیں تو ادارے کیوں نہیں ہاتھ ڈالتے، کیا یہ احتساب سے بالاتر ہے۔ ساڑھے تین سال ہو گئے، ہم انصاف کے ابھی بھی طلبگار ہیں۔ عمران خان انصاف سے بھاگ رہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا اکبر ایس بابر جتنی تقریر کرتے ہیں اتنا لفافے کا سائز بڑا ہو جاتا ہے جو مسلم لیگ ن ان کو دیتی ہے، اکبر ایس بابر نے تحریک انصاف کو بلیک میل کرنے کیلئے درخواست جمع کرائی ہے۔ مزید براں الیکشن کمشن میں مسلم لیگ ن اور پی پی غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت تین مئی تک ملتوی کر دی گئی۔ گزشتہ روز الیکشن کمشن میں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کیخلاف مبینہ غیرملکی فنڈنگ کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کی جس میں درخواست گزار فرخ حبیب کے وکیل فیصل چوہدری جبکہ پیپلزپارٹی کے لطیف کھوسہ اور مسلم لیگ ن کے وکیل جہانگیر جدون پیش ہوئے۔ مسلم لیگ نے غیرملکی فنڈنگ پر جواب جمع کرا دیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا جواب پر مسلم لیگ (ن) کے صدر کے دستخط نہیں۔ الیکشن کمشن نے کہا تین مئی کو مقدمات پر دلائل ہونگے، اپریل میں حلقہ بندیوں پراعترضات سننے ہیں۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ چیئرمین سینٹ سے متعلق بیان پر وزیراعظم کا محاسبہ ہونا چاہئے، اس کو شرم آنی چاہئے اس سے بڑی تذلیل سینٹ کی اور کیا ہو سکتی ہے، یہ آئین کی بھی تضحیک ہے اور وزیراعظم کے عہدے کی بھی تضحیک ہے، اداروں پر تنقید کرتے ہیں اور پھر کہتے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا، نواز شریف کے حق میں کوئی بات نہیں آتی تو وہ سازش ہو جاتی ہے لیکن اگر حق میں آجائے تو بلے بلے ہو جاتی ہے۔ علاوہ ازیں چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضاخان کی سربراہی میں الیکشن کمشن کی پلاننگ کمیٹی کا اجلاس الیکشن کمشن سیکرٹریٹ میں ہوا ۔اجلاس میں چاروں صوبائی الیکشن کمشنروں اور چاروں ممبران کمیشن سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا نے تمام انتخابی مواد بشمول بیلٹ پیپرز کی خریداری اور تیاری کے کام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا عوام کے لئے ووٹ کے اندراج اور درستگی کا آخری سنہری موقع ہے۔ ملک بھر میں آئندہ عام انتخابات کے لئے 89 ہزار 500 پولنگ سٹیشن کی نشاندہی کی جا چکی ہے تاہم یہ تعداد بڑھ سکتی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا تمام پولنگ سٹیشنوں کو گوگل کے ساتھ منسلک کر دیا جائے گا تاکہ لوگ گھر بیٹھے اپنے پولنگ سٹیشنوں کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں۔ الیکشن کمشن نے رکن خیبر پی کے اسمبلی ابرار حسین تنولی کیخلاف آفتاب شیرپاؤکی درخواست کی سماعت 2 اپریل تک ملتوی کر دی۔ الیکشن کمشن نے کہا 2 اپریل کو دلائل سن کر فیصلہ سنائیں گے۔ الیکشن کمشن میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے خلاف تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کی درخواست کی سماعت (آج) بدھ کو ہو گی۔