پاک ویسٹ انڈیز سیریز، ٹکٹوں کی فروخت آج شروع ہوگی
کراچی(اسپورٹس رپورٹر) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے ٹکٹوں کی فروخت کوریئر سروس کی مقرر کردہ برانچز پر (آج)بدھ سے شروع ہوگی۔چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے بذریعہ ٹوئٹ شائقین کرکٹ کو آگاہ کیا کہ پاک ویسٹ انڈیز سیریز کے لئے ٹکٹس بدھ سے نجی کورئیر سروس کی مقرر کردہ شاخوں پر دستیاب ہوں گے۔ پاک ویسٹ انڈیز سیریز کے لئے جنرل انکلوژر کا ٹکٹ 500 روپے اور وی آئی پی انکلوژر کا ٹکٹ 6 ہزار روپے میں دستیاب ہوگا۔میچ کے لئے 2 ہزار اور 4 ہزار روپے والے ٹکٹس کی فروخت بھی(آج) سے کورئیر سروس کی مقررہ برانچز پر شروع ہوگی۔نجم سیٹھی نے بتایا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت گزشتہ روزشروع ہوئی اور 500، ایک ہزار اور 2 ہزار روپے میں دستیاب آن لائن ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگی اور تینوں میچز بالترتیب یکم 2 اور 3 اپریل کو کھیلے جائیں گے۔