گندی گلی سے جنازہ کی گزر: ازخودنوٹس کیس میں کونسلر اور سماجی کارکن فریق بن گئے
چوک شاہ مقیم (نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت ) گندے پانی سے جنازہ گزارنے کے واقعہ پر سپریم کورٹ ازخود نوٹس کیس میں محلہ کا کونسلر کاشف گجانہ اور سماجی کارکن نایاب کاشف فریق بن گئے ۔ ایم این اے رائو محمد اجمل،ایم پی اے رضاگیلانی ،چیئر مین میونسپل کمیٹی ذوالفقار شاہ کل سپریم کورٹ میں پیش ہونگے ۔ چیف جسٹس ثاقب نثار ، جسٹس سجاد افضل، جسٹس عمر عطا بندیال پر مشتمل تین رکنی بینچ سماعت کریگا ۔ تفصیلات کے مطابق گند ی گلی سے جنازہ گزرنے والے مفاد عامہ کے کیس میں محلے کا کونسلر نایاب کاشف سماجی کارکن کاشف جواد گجانہ ایڈووکیٹ کے ہمراہ تین رکنی بینچ کے سامنے پیش ہوا۔ کونسلر نے میونسپل کمیٹی میں ہونیوا لی بے ضابطگیوں اوراقربا پروری سے پردہ اٹھایا جبکہ سول سوسائٹی کی نمائندگی کرتے سماجی کارکن نے دیگر مسائل کی طرف نشاندہی کی عدالت نے دونوں کو تحریری شکل میں شکایات جمع کرانے کا حکم د یتے ہوئے ارکان اسمبلی اور چیئر مین مونسپل کمیٹی کو فوری طور پر بلانے کاحکم دیا عدالتی عملہ کے رابطہ کرنے پر پنجاب سیکرٹریٹ نے بتایا کہ صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن پنجاب سید رضا علی گیلانی بیرون ملک ہیں آئندہ سماعت پر پیش ہوجائینگے عدالت نے ایم این اے و پارلیمانی سیکرٹری صنعت وپیداوار رائو محمد اجمل خاں ،ایم پی اے سید رضا گیلانی اور چیئر مین میونسپل کمیٹی حجرہ ذوالفقار حیدر گیلانی کو نوٹس جاری کرکے سماعت ملتوی کردی تھی کاشف جواد گجانہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ہمارا علاقہ کھنڈر بن چکا غلاظت اور گندگی ایک گلی کا مسئلہ نہیں۔قبضہ مافیا کو پوچھنے والا کوئی نہیں شہریوں کا جینا حرام ہوچکا مجھے جنازگاہ اور قبرستانوں پر قبضے کی درخواستیں گزارنے پر قاتلانہ حملے میں مروانے کی کوشش کی گئی بچ نکلنے پر جھو ٹے مقدمہ میں پھنسا دیا گیا یہ لوگ سیاسی مخالفین کے خلاف پولیس کا استعمال کرتے ہیں استدعا ہے کہ درباروں اور قبرستانوں کا 1985والا سٹیٹس بحال کیا جائے۔ عدالت نے مجھے فریق بننے اور آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر دیپالپور عابد حسین بھٹی نے بھی گزشتہ روز نشاندہی والے قبرستانوں اور جنازہ گاہ کاوزٹ کرکے متنازعہ اراضی کے کرایہ داروں کو نوٹس جاری کر کے دوکانیں خالی کرنے کا حکم د یدیا واضح رہے چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس ثاقب نثار نے 20مارچ کو سوشل میڈیا پر گردش کر تی گندگی سے جنازے گزرنے کی تصویر پر ازخود نوٹس لیا تھا ۔آئندہ سماعت کل 29مارچ کو ہوگی۔