نواز شریف کا پارٹی مرکزی قیادت کا اجلاس اپریل کے اوائل میں طلب کر نے کا فیصلہ
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے پارٹی کے مرکزی رہنماؤں کا غیرمعمولی اجلاس اپریل کے اوائل میں پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں آئندہ کی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ اس بات کا فیصلہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے ایک مشاورتی اجلاس میں کیا گیا جو منگل کو پنجاب ہاؤس میں میاں نواز شریف کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں راجہ محمد ظفر الحق ‘ اقبال ظفر جھگڑا‘ مشاہد اﷲ خان‘ خرم دستگیر خان‘ پرویز رشید‘ مریم نواز‘ چودھری محمد ریاض‘ جامع معشوق اور دیگر مسلم لیگی رہنماؤں کے علاوہ پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے خصوصی دعوت پر شرکت کی۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ غدار ابن غدار کا طعنہ دیا جاتا ہے۔ پنجاب میں آتے ہیں تو پاکستان کے خوبصورت حصے میں آتے ہیں۔ پیر صابر شاہ نے کہا کہ میاں صاحب لوٹے بھاگ رہے ہیں جو 85 ء سے آپ کیساتھ کھڑے تھے وہ آپ کیساتھ کھڑے رہیں گے۔ چودھری محمد ریاض نے کہا کہ میاں نواز شریف پاکستان کی لڑائی لڑ رہے ہیں پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہو گی۔