بلاول سے اقوام متحدہ نمائندے کی ملاقات، خواتین کیلئے اقدامات پر تعریف
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) بلاول بھٹو زرداری سے اقوام متحدہ کے نمائندے نے ملاقات کی۔ اقوام متحدہ شعبہ خواتین کے پاکستان میں نمائندے جمشید قاضی نے بلاول ہائوس میں ملاقات کی۔ ترجمان بلاول ہائوس کے مطابق ملاقات میں خواتین کو خودمختار بنانے، ان کی بہبود پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نمائندہ اقوام متحدہ نے حکومت سندھ کے خواتین کی بہبود و ترقی کیلئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صنفی مساوات کے لئے اقدامات کئے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید بی بی دنیا کی پہلی مسلم منتخب خاتون وزیراعظم تھیں۔ محترمہ شہید نے خواتین کو بطور جج اور پولیس افسر تعینات کیا۔ فرسٹ ویمن بنک اور خواتین کیلئے علیحدہ پولیس سٹیشنز تعمیر کئے۔ آصف زرداری نے اپنے دور حکومت میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا۔ سندھ کے پروگرام انسداد غربت سے 6 لاکھ خواتین، ان کے خاندان مستفید ہوئے۔ پیپلز پارٹی مستقبل میں بھی خواتین کی ترقی کو اپنی ترجیحات میں رکھے گی۔آن لائن کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے خواتین ونگ بلوچستان کی عہدیداروں کا اعلان کر دیا۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق بلوچستان خواتین ونگ کی صدر غزالہ اشفاق گولہ اور جنرل سیکرٹری زرینہ زہری اور سیکرٹری اطلاعات نوشین کو مقرر کردیا ہے۔