نیب: سابق وزیر پی پی ارباب عالمگیر ، اہلیہ کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش
پشاور(بیورو رپورٹ)قومی احتساب بیورو نے حکومت سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق وفاقی وزیر ارباب عالمگیر اور عاصمہ عالمگیر کے نام ایگزیکٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی سفارش کردی ہے ،دونوں پر بیرونی ممالک میں 192کروڑ روپے کے مشکوک بینک ٹرانزیکشن کا الزام ہے۔ ارباب عالمگیر پیپلزپارٹی کے دورمیں وفاقی وزیرمواصلات تھے جبکہ ان کی اہلیہ عاصمہ ارباب عالمگیر وزیراعظم کی مشیر تھیں۔ نیب کے مطابق دونوں میاں بیوی کے ملکی و غیرملکی اثاثے 600 ملین سے زیادہ ہیں جبکہ اسلام آباد میں کروڑوں روپے کی پراپرٹی ہے۔ مزید براں قومی احتساب بیورو (نیب) خیبرپی کے نے زلزلہ سے متاثرہ املاک کی بحالی کیلئے قائم ادارے ’’ایرا‘‘ کے اہلکاروں اور ٹھیکیدار جبکہ محکمہ مال ڈیرہ اسماعیل خان کے افسران و اہلکاران سمیت محکمہ جنگلات اور دیگراداروں کے انتظامی افسران کے خلاف بدعنوانی ، فنڈز میں خورد برد اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کے حوالے سے تحقیقات کی منظوری دے دی ہے۔ یہ منظوری قومی احتساب بیورو خیبرپی کے کے ریجنل بورڈ کے اجلاس کے دوران دی گئی۔ اجلاس میں ایرا کے اہلکاران اور ٹھیکیدار پر الزام ہے انہوں نے لیلونی سے بلکانے روڈ ڈسٹرکٹ شانگلہ کی تعمیر میںکروڑوںروپے کی خورد برد کی ۔ دوسری انکوائری اسرار گل، کونسلر یونین کونسل ڈھیری کٹی خیل نوشہرہ کے خلاف بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی تحقیقات کی منظوری دی ملزم پر الزام ہے کہ انہوں نے سرکاری زمین پر قبضہ کر کے ان پر مکانات بنوائے۔اجلاس میںمحمد زید، ڈپٹی فارسٹ منیجر ، فارسٹ ڈویلپمنٹ کارپوریشن ، بالاکوٹ کے خلاف بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی انکوائری کی منظوری دی۔ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے سرکاری زمین اور روڈ کنسٹرکشن مشنری غیر قانونی طریقے سے فروخت کی۔ محکمہ مال ڈی آئی خان کے افسران و اہلکارانپر الزام ہے انہوں نے میونسپل کمیٹی ڈی آئی خان کی قیمتی 3 کنال زمین غیر قانونی طریقے سے ایک عام آدمی کو انتقال کیا۔