منشیات فروشی کیس‘ ملزمان کی سزا کم ہونے کیخلاف وزارت داخلہ کی اپیل سماعت کیلئے منظور
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں بیرون ملک تھائی لینڈ سے منشیات فروشی کے جرم میں 41،41سال قید کی سزاء پانے والے پانچ ملزمان کی پاکستانی قوانین کے مطابق کیس میںسزاء ایک سال رہ جانے سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف وزارت داخلہ کی اپیل سماعت کے لیئے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیئے ہیں جبکہ لاہور ہائی کورٹ سے مقدمات کا تمام ریکارڈ طلب کرلیا گیا ہے ۔کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی تو سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پاکستان کے کچھ ممالک کے ساتھ ملزمان کے تبادلہ کے معاہدے ہیں ۔ ٹرنسفر آف ایمبریس آرڈیننس 2003ء کے تحت تھائی لینڈ سے معاہدہ ہے 5ملزمان محمد فیصل ، احمد زبیر ، محمد نبی، یاسر عرفات ، مطین احمدشامل ہیں ان پر الزام تھا وہ ڈرگ کا دھندہ کرتے ہیں انہونے تھائی لینڈ کے بادشاہ کے گارڈ کو بھی منشیات سپلائی کیں ، جرم ثابت ہونے پر تھائی لینڈ کورٹ نے اپنے قانون کے مطابق ملزمان کو 41,41 سال قید کی سزا سنائی۔ معاہدے کے تحت ملزمان جب پاکستان آئے تو پاکستانی قوانین کے تحت ان کی سزا ایک ایک سال ہوگئی جس کے خلاف وزارت داخلہ نے اپیل دائر کی ہے۔ بعدازاں عدالت نے مذکورہ حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ایک ماہ تک ملتوی کردی ہے۔