پاکستان نعمت خداوندی، اسکی قدر کرنی چاہئے:رفیق رجوانہ
لاہور(خصوصی رپورٹر) قائداعظم اور علامہ اقبال کے افکارونظریات کی بدولت ہمیں آزادی کی نعمت نصیب ہوئی۔ آج اس حوالے سے ہم اپنا محاسبہ کریں کہ ہم فرموداتِ قائداعظم پر کتنا عمل کررہے ہیں ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ نے ایوان قائداعظم جوہر ٹائون میں ’’تقریبات یوم پاکستان‘‘ کے سلسلے میں خصوصی تقریب کے دوران بطور مہمان خاص اپنے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق، جسٹس(ر) میاں آفتاب فرخ، ارشد چودھری اور میاں ابراہیم طاہر، چیف کوآرڈی نیٹر نظریۂ پاکستان ٹرسٹ میاں فاروق الطاف، عارفہ صبح خان، راشد حجازی، انعام الرحمان گیلانی، نواب برکات محمود ودیگر نے شرکت کی۔ نظامت کے فرائض سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید نے انجام دیئے۔گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ نے کہا کہ ملک نعمتِ خداوندی ہے اور ہمیں اس کی قدر کرنی چاہئے۔ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ مجید نظامی مرحوم کے مشن کو آگے بڑھا رہا ہے جو دراصل ہر پاکستانی کا مشن ہونا چاہئے۔ مجیدنظامی، غلام حیدر وائیں اور کارکنان تحریک پاکستان کی کاوشوں کی بدولت آج ہم اس خوبصورت عمارت میں کھڑے ہیں۔ چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ رفیق تارڑ نے شرکاء کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ یہ مملکت کسی نے ہمارے بزرگوں کو پلیٹ میں رکھ کر پیش نہیں کی تھی بلکہ اس کی خاطر انہیں آگ اور خون کے دریا عبور کرنا پڑے تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر رفیق میاں اور آفتاب فرخ نے کہا کہ 23مارچ1940ء نے مسلمانان برصغیر کی جدوجہد کو ایک نیا موڑ دیا۔ میاں فاروق الطاف نے کہا یوم پاکستان کی تقریبات مناتے ہوئے ہمیں جائزہ لینا چاہئے کہ ہم اپنے ملک کی تعمیروترقی کیلئے کیا کردار ادا کر رہے ہیں۔ شاہد رشید نے کہا ایوان قائداعظم تحریک پاکستان کے کارکنوں کے خوابوں کی تعبیر ہے پروگرام کے آخر میں پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ کو یادگاری شیلڈ پیش کی ۔ قبل ازیں گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ نے ایوان قائداعظم کے احاطہ میں پودابھی لگایا۔