مغربی بنگال میں ہندوؤں کے تہوار پر فسادات، 3 افراد ہلاک، متعدد زخمی
کولکتہ(این این آئی)مغربی بنگال کے کئی علاقوں میں تشدد کے واقعات میںتین افراد ہلاک اور متعددزخمی ہوگئے،بھارتی ٹی وی کے مطابق ایک پولیس اہلکار کے ہاتھ کاٹے جانے کی بھی اطلاعات ہیں،24 پرگنہ کے کاکی نارا علاقہ میں بھی تشددکی واردات ہوئی جہاں بھارت کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کے مجسمہ کی بے حرمتی کرتے ہوئے اسے منہدم کردیا گیا۔ یہاں پرفساد آسنسول کے رانی گنج علاقہ میں ہونیوالے تشد دکے واقعہ کے بعد بھڑکا تھا ۔ اس سال علاقے میں ہندووں کے مذہبی تہوارکے موقع پر شروع ہوئے تشدد میں اب تک3 افرادہلاک اور50سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ارندم دتا چودھری پر ہوئے بم حملے میں ان کا ہاتھ شدید طور پر زخمی ہوگیا۔ مغربی بنگال بی جے پی کے صدر دلیپ گھوش کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے تہوار کے موقع پر اسلحہ کے ساتھ ریلی نکالے جانے کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ جلوس میں بچوں کے ہاتھوں میں ہتھیار دیاجانا بنگال کی تہذیب کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی فائدے کیلئے مذہب کا استعمال قابل مذمت ہے۔