لاڈلے کو استثنیٰ مل جاتا، نوازشریف کو اہلیہ کی عیادت کی اجازت نہیں: مریم اورنگزیب
اسلام آباد(اے این این ) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیس کے باوجود لاڈلے کو حاضری سے استثنیٰ مل جاتا ہے جبکہ نواز شریف کو اپنی بیمار اہلیہ کی عیادت کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے ،پتہ نہیں نواز شریف کو کس چیز کی سزا دی جا رہی ہے ،عمران خان مریم نواز کو کاپی کرنے کی کوشش کرتے ہیں، انہیں جھوٹ کے دورے پڑتے ہیں۔نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے عمران خان کا نام لئے بغیر کہا کہ ہمارے ہاں قانون کا معیار یہ رہ گیا ہے کہ ایک طرف ایسے لاڈلے کو استثنیٰ مل جا تا ہے جس کے حکم پر پوری دنیا کے سامنے ایس ایس پی اسلام آباد کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور عدلیہ اور پارلیمنٹ پر حملے کئے گئے ۔اس کے کیس میں دہشتگردی کی دفعات شامل ہیں اس کے باوجود حاضری سے استثنیٰ دے دیا جا تا ہے ۔ دوسری عدالت میں وہ شخص جو آئین اور قانون کی پاسداری میں ہفتے میں تین تین دن پیش ہو رہا ہے اسے استثنیٰ نہیں دیا جا رہا۔ انہوں نے کہا شوہر اور بیٹی کلثوم نواز کی عیادت کیلئے جانا چاہتے ہیں مگر انہیں اجازت نہیں دی جا رہی۔ ان کا کہنا تھا نیب میں آصف زرداری کے ریکارڈ ہی غائب ہو چکے ہیں۔ سابق دور حکومت میں آصف زرداری کے ہاتھ دوسروں کی جیبوں میں تھے۔وہی نیب شریف خاندان پر ریفرنس پر ریفرنس بناتا جا رہا ہے اور سات ماہ کے کیس میں کرپشن کا ایک الزام بھی ثابت نہیں کر سکا۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کے پی کے میں کسی ہسپتال اور سکول کی حالت زار بہتر نہیں کی جاسکی، 2013 سے اب تک عمران خان کا جھوٹ اور الزامات کا وطیرہ نہیں بدلا ہے۔عمران خان مریم کو کاپی کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور انہیں جھوٹ کے دورے پڑر ہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام سب کچھ دیکھ اور سمجھ رہے ہیں اگلے الیکشن میں فیصلہ کریں گے۔ لیگی رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کو استثنیٰ نہیں مل رہا لیکن عمران خان کو مل گیا۔انہوں نے کہا عمران خان نے عدالت میں پیش ہونا گوارہ نہیں کیا انصاف کا معیار اور برابری ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا عمران خان کیخلاف حنیف عباسی کی نظرثانی درخواست سماعت کیلئے مقرر نہیں ہوئی، پاکستانی عوام دیکھ رہے ہیں، آئندہ الیکشن میں جواب دیں گے۔کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا دعا کریں مشرف اور میرا اکٹھا مقدمہ چلے کوئی طاقت ایسی ہو جو مشرف کو باہر سے بلائے۔ انہوں نے کہا اب آنے والی پارلیمنٹ پرویز مشرف کو تحفظ نہیں دے گی، سارا ڈرامہ مشرف کو بچانے کیلئے ہو رہا ہے۔
مریم اورنگزیب