خواجہ آصف نا اہلی کیس، اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیا بنچ تشکیل دیدیا
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے اقامہ کی بنیاد پر وفاقی وزیر خواجہ آصف کی نااہلی سے متعلق درخواست کی سماعت کے لئے نیا تین رکنی بنچ تشکیل دے دیا۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی جانب سے کیس سننے کی معذرت کے باعث پرانا بنچ ٹوٹا تھا۔ کیس کی سماعت 5اپریل کو ہو گی ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل تین رکنی نیا بنچ مقدمے کی سماعت کرے گا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے خواجہ آصف کی نااہلی کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے ۔