صحافت ریاست کاچوتھاستون ہے ‘ گورنر سندھ
کراچی ( وقائع نگار)گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون گردانا جاتا ہے ، اس شعبہ سے وابستہ صحافی معاشرتی ناہمواریوں کی نشاندہی ، عوامی مسائل کے حل اور فلاحی معاشرہ کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں ، موجودہ حکومت آزادی صحافت اور آزادی اظہار پر بھرپور یقینی رکھتی ہے اس ضمن میں صحافیوں کے تحفظ ، حقوق کی حفاظت ، حوصلہ افزائی ، سہولیات کی فراہمی اور قومی توقعات کے مطابق معاشرہ میں ان کے کردار کو ہر صورت یقینی بنارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی سرگرمیاں کسی بھی معاشرہ ، شہر اور حلقہ کے پر امن ہونے کی واضح دلیل ہوتی ہے یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت نے ملک میں ثقافت کی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے وفد جس کی سربراہی چیئر مین اطہر جاوید صوفی اور صدر عبد الوسیع قریشی کررہے تھے ، سے ملاقات میں کیا ۔وفد میں ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سیکریٹری ذیشان صدیقی ، جنرل سیکریٹری پرویز مظہر ،ممبر گورننگ باڈی قیصر مسعود جعفری ، غزالہ فصیح ، جنید رضوی ، نائب صدر راشد نور، جوائنٹ سیکریٹری مصطفی ملاح ،اسلم الیاس رشیدی اور خالد شکیل شامل تھے ۔ ملاقات میں شو بز سے وابستہ صحافیوں کے مسائل ، کفالت ، طبی سہولیات ، مالی اعانت ،امن و امان کے قیام کے بعد شہر میں جاری سماجی ، ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو جاگر کرنے میں صحافیوں کے کردار ، ایسوسی ایشن کے 30 برس مکمل ہونے پر منعقدہ ہونے والی تقریب سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ 29 مارچ 2018 ء سے شہر میں پاکستان فلم فیسٹول منعقد کیا جا رہا ہے جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے فلمی ستارے ، ڈائریکٹر ز ، پروڈیوسرز اور دیگر متعلقہ افراد شرکت کرینگے پروگرام کی بہتر اور مثبت کوریج سے دنیا بھر میں پاکستان اور کراچی کا مثبت تاثر ابھرے گا۔