کویت میں پاکستانی حلال فوڈ آئٹمز کیلئے وسیع گنجائش ہے: فاروق افتخار
لاہور (کامرس رپورٹر) کویتی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لئے نئی حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ بات لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق افتخار نے پاکستان کے کویت کے لیے نامزد سفیر سید ابرار حسین سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کہی۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر میاں ابوذر شاد اور ایگزیکٹو کمیٹی رکن میاں زاہد جاوید نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ سفیر کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے فاروق افتخار نے کہا کہ کویت میں پاکستانی مصنوعات بالخصوص حلال فوڈ پروڈکٹس کے لیے وسیع گنجائش ہے جس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے، اس جانب ذرا سی توجہ دیکر پاکستانی برآمدات کو نمایاں فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام مسلم ممالک کو برآمدات بہت کم ہیں، ان ممالک میں پاکستانی سفارتخانوں کو چاہیے کہ وہ ملکی تجارت کو فروغ دینے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے سفیر پر زور دیا کہ وہ تجارت سے متعلقہ معلومات کے تبادلے پر خاص توجہ دیں کیونکہ بروقت معلومات نہ ملنے کی وجہ سے بہت سے تجارتی مواقع ضائع ہوجاتے ہیں۔