
شہرِ قائد میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے طویل ہوگیا .جس پر عوام کی بڑی تعداد سراپا احتجاج ہے۔ شہریوں نے 14 مختلف مقامات پر بھرپور مظاہرے کیے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاوہ لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 6ہزار میگا واٹ سے تجاوز کرگیا۔مختلف شہروں میں 10 سے 14 گھنٹوں تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ کراچی میں گرمی اور لوڈ شیڈنگ کے باعث عوام کا پارہ ہائی ہوگیا۔ بجلی کی بندش کے باعث کئی علاقوں میں پانی کی فراہمی بھی متاثر ہے۔کراچی کے شہری اپنے مسائل کے حل کیلئے گزشتہ روز سڑکوں پر نکل آئے۔ لائنز ایریا، گارڈن، ماڑی پور اور نشتر روڈ پر کے الیکٹرک کے خلاف بھرپور احتجاج کیا گیا۔ بعض مقامات پر ٹائر بھی جلائے گئے۔لیاقت آباد، لانڈھی اور کورنگی میں بھی بجلی کی بندش کے خلاف مظاہرے ہوئے۔ شہریوں نے کراچی کے مختلف مقامات پر سڑک بلاک کرکے ٹریفک کی آمدورفت معطل کردی جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا رہا۔دوسری جانب کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ایندھن کی کمی کے باعث ہو رہا ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ ادارے کو گیس اور تیل کی خریداری میں دشواری کا سامنا ہے۔