آرمی چیف کا دورۂ سعودی عرب اور ان کیلئے مملکت کا اعلیٰ ترین اعزاز
چیف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز سعودی عرب کا دورہ کیا اور شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سعودی ولی عہد نے دفاعی تعاون میں اہم کردار ادا کرنے پر جنرل قمر جاوید باجوہ کو مملکت کے اعلیٰ ترین اعزاز کنگ عبدالعزیز میڈل سے نواز۔ اس سلسلہ میں آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق آرمی چیف نے سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حمید سے بھی ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں مشترکہ تربیت‘ فضائی دفاع‘ انسداد دہشت گردی‘ مواصلات اور اطلاعات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ خطے میں امن و استحکام اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر باہمی تعلقات اور عسکری شعبہ میں تعاون پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔
پاکستان کے آرمی چیف نے اسلامی دنیا میں سعودی عرب کے منفرد مقام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دفاعی تعلقات کی مضبوطی کیلئے کردار پر شاہ عبدالعزیز میڈل حاصل کرنے پر جنرل قمر جاوید باجوہ کودلی مبارکباد دی۔ اس سلسلہ میں اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ ہم سعودی عرب کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتے ہیں۔ ہمارا عزم ہے کہ شاندار دفاعی تعاون سمیت کثیرالجہتی باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنائیں گے۔
یہ امر واقعہ ہے کہ مقدس سرزمین ہونے کے ناطے سعودی دھرتی حرمین شریفین بھی ہمیں اپنی سرزمین کی طرح ہی عزیز ہے جس کے تحفظ کیلئے ہر مسلمان اپنی جان تک نچھاور کرنے کے جذبے سے معمور ہے۔ پاکستان نے اسی تناظر میں حرمین شریفین کی حفاظت بھی اپنی ذمہ داری گردانی ہے چنانچہ جب بھی بیت اللہ شریف‘ مسجد نبویؐ اور دوسرے مقدس مقامات کی حفاظت کا معاملہ درپیش آتا ہے تو پاکستان عساکر پاکستان کے ذریعے مقدس سعودی مقامات کے تحفظ کی ذمہ داری نبھاتا ہے۔ 80ء کی دہائی میں جب خانہ کعبہ پر بیرونی یلغار درپیش ہوئی تو پاکستان کے فوجی دستے نے ہی خانہ کعبہ کو اپنے حصار میں لے کر اسکی حفاظت کا فریضہ ادا کیا اور جارحین کے عزائم ناکام بنائے۔ اسی طرح پاکستان نے مختلف عسکری شعبوں میں سعودی فوجیوں کو تربیت بھی فراہم کی۔ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین یہ مثالی تعاون آج مزید مستحکم ہو چکا ہے اور دونوں برادر مسلم ممالک ایک دوسرے کے ساتھ دفاعی‘ اقتصادی اور دوسرے شعبوں میں تعاون کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں۔ سعودی ولی عہد کی جانب سے پاکستان کے آرمی چیف کو مملکت کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازنا درحقیقت دفاع وطن کیلئے پاکستان کی خداداد عسکری صلاحیتوں کا اعتراف ہے جو پاکستان اور اسکے عوام کیلئے بھی قابل فخر ہے۔ دونوں ممالک کے مابین مسلم برادرہڈ کا پروان چڑھتا یہ جذبہ پوری مسلم دنیا کیلئے نیک فال ثابت ہو سکتا ہے۔