دھاندلی کی تاریخ رقم اور بہت خطرناک کھیل کھیلا جارہا ہے، اگر دھاندلی نہ رکی تو نتائج ہولناک ہوں گے: نواز شریف
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں دھاندلی کی نئی تاریخ رقم کی جارہی ہے، دھاندلی نہ روکی گئی تو نتائج ہولناک ہوں گے۔ 25جولائی کو جو ہوگاوہ نوشتہ دیوار ہے ۔لندن میں ہارلے اسٹریٹ کلینک کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک جیسے مقدمات میں دوسروں کے فیصلے کچھ اور ہمارے کچھ اور آتے ہیں ۔ پچھلے کئی مہینوں کا ریکارڈ اٹھا کر دیکھ لیں صرف میں اور میرے ساتھی نشانہ ہیں 25جولائی کو جو ہوگاوہ نوشتہ دیوار ہے ۔ پارٹی کو ہدایت کی ہے کہ قمر الاسلام کی بیٹی بیٹے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلیں ۔ انہوں نے کہا کہ کبھی دانیال عزیز کو تو کبھی شاہد خاقان عباسی کو نااہل قرار دیا جاتا ہے، شاہد خاقان عباسی اور دانیال عزیز کی نااہلی پرافسوس ہوا۔نواز شریف نے کہا کہ نیب، ریٹرننگ افسران اور دیگر نے یہ کیا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، بہت خطرناک کھیل کھیلا جارہا ہے، الیکشن سے پہلے دھاندلی کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، قمرالاسلام کی گرفتاری انتخابات سے قبل دھاندلی کا ثبوت ہے۔مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ اس وقت ایسی ذہنی کیفیت ہے کہ سیاسی امور پر بات کرنے سے گریز کر رہا ہوں، اس وقت میری ساری توجہ اپنی بیوی کی صحت پر ہے لیکن میں اپنے آپ کو قومی فرض سے بھی دورنہیں رکھ سکتا۔نوازشریف نے کہا کہ یہ جو کھیل کھیلا جارہا ہے یہ پاکستان کے لیے ہمیشہ خطرناک ثابت ہوا ہے۔
لیگی امیدوار قمرالاسلام کی گرفتاری سے متعلق نوازشریف کا کہناتھا کہ نیب نے کچھ دن پہلے قمرالاسلام کو کلین چٹ دی تھی لیکن ن لیگ کا ٹکٹ ملتے ہی گرفتار کرلیا گیا،یہ قابل قبول نہیں ہے.