ہم جنس پرستوں سے کئے جانیوالے سلوک پر چرچ کو معافی مانگنا چاہئے: پوپ فرانسس
لندن (بی بی سی) پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ رومن کیتھولک چرچ کو ہم جنس پرستوں کے ساتھ کئے جانے والے سلوک پر ان سے معافی طلب کرنی چاہئے۔ انہوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چرچ کو کوئی حق نہیں کہ وہ ہم جنس پرست برادری کا فیصلہ کریں اور کہا کہ ان کے ساتھ باوقار سلوک روا رکھا جانا چاہئے۔ پوپ نے یہ بھی کہا ہے چرچ کو ان لوگوں سے بھی معافی طلب کرنی چاہئے جنہیں اس نے اب تک حاشیے پر رکھا ہوا تھا یعنی خواتین، غریب اور جبری مزدوری میں لائے جانے والے بچے۔ ہم جنس پرستوں نے ان کی برادری سے متعلق مثبت رویے پر پوپ کی تعریف کی ہے لیکن بعض کیتھولک قدامت پسندوں نے ان بیانات پر تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ یہ جنسی اخلاقیات سے متعلق ابہام پیدا کرتے ہیں۔ پوپ نے آرمینیا سے لوٹتے ہوئے پرواز کے دوران کہا: ’میں چرچ کے مذہبی اصول میں بیان کی گئی بات کو پھر سے کہوں گا کہ ان (ہم جنس پرستوں) کے ساتھ امتیازی سلوک روا نہ رکھا جائے، ان کے ساتھ باعزت سلوک کیا جائے اور ان کی رہبری کی جائے۔‘ خیال رہے 2013ء میں پوپ فرانسس نے ہم جنس پرستوں کے بارے میں رومن کیتھولک چرچ کے موقف کا اعادہ کیا تھا کہ ’ہم جنس پرستانہ عمل گناہ ہے جبکہ ہم جنس پرستانہ میلان کا ہونا گناہ نہیں۔