گورنر سندھ محمد زبیر نے استعفیٰ دیدیا، ابھی موصول نہیں ہوا ، ترجمان ایوان صدر ؛ منیر کمال کو گورنر سندھ مقرر کیے جانے کا امکان
گورنر سندھ محمد زبیر کی جانب سے استعفیٰ دیئے جانے کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف نے ان کے بھائی پاکستان سٹاک ایکسچینج کے سابق چیئرمین منیر کمال کو گورنر سندھ بنانے کے لیے مشاورت شروع کردی ہے اور امکان ہے کہ آئندہ چند روزمیں ان کی تقرری کا باقاعدہ اعلان کردیا جائے گا ۔ذرائع کے مطابق گورنر سندھ محمد زبیر نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ انہوں نے استعفیٰ ایوان صدر کو بھیج دیا ہے۔ ترجمان ایوان صدر کے مطابق ابھی استعفٰیٰ موصول نہیں ہوا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد زبیر نے مستعفی ہونے کا فیصلہ الیکشن کمشن کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی دوبارہ گنتی کی درخواستیں مسترد ہونے اور الیکشن کی بے حسی کے خلاف بطور احتجاج کیا ہے ۔ادھر انتہائی باخبر ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے محمد زبیر کے بھائی سابق چیئرمین پاکستان سٹاک ایکسچینج منیر کمال کو نیا گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔اسد عمر اور محمد زبیر کے بھائی منیر کمال نیشنل بینک آف پاکستان کے سابق صدر بھی رہ چکے ہیں ۔انہوں نے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں چین کی سرمایہ کاری اور ان کو شیئرز دلانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور چین کے سرمایہ کاروں کے ساتھ ان تعلقات مثالی ہیں۔ پی ٹی آئی کے کچھ رہنما پارٹی کے مرکزی رہنما نعیم الحق کو بھی گورنر سندھ بنانے کے لیے لابنگ کررہے ہیں لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ منیر کمال کو ان کے پس منظر کے باعث گورنر سندھ مقرر کیے جانے کا زیادہ امکان ہے۔