کیپٹن محمد سرور نشان حیدر کا 68واں یوم شہادت منایا گیا‘ صدر کی طرف سے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی
احمد یار(صباح نیوز) نشان حیدر کا اعزاز حاصل کرنے والے پاک فوج کے پہلے سپوت کیپٹن راجہ محمد سرور کا 68 واں یوم شہادت عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں احمدیار سمیت ملک بھر میں تقریبات انعقاد پذیر ہوئیں جس میں شہید کے درجات کی بلندی کے لئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ کیپٹن راجہ محمد سرور شہید نے27 جولائی1948ء کو جام شہادت نوش کیا تھا انہیں پاکستان کا پہلا نشان حیدر اعزاز عطا کیا گیا۔ دریں اثناء صدر مملکت ممنون حسین کی طرف سے انکے ملٹری سیکرٹری نے کیپٹن سرور شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پرصدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ قوم ملک کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہیدوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ کیپٹن راجہ محمد سرور شہید کی بہادری و شجاعت پاکستانی نوجوانوں میں جوش و جذبہ پیدا کرتی رہے گی اور وہ بھی ان کی نقش قدم پر چلتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے پُرعزم ہیں۔