درجہ حرارت مسلسل بڑھنے سے گلیشیئرز کے پگھلنے کا عمل شروع ہو گیا
اسلام آباد (محمد فہیم انور/ نوائے وقت نیوز) محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان میں مغربی ہواؤں کے نتیجے میں شدید بارشوں کے باعث گلیشیئر پھسلنے سے سیلابی صورتحال کے بارے میں مقامی انتظامیہ اور آبادی کیلئے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ موسمیات کے ذرائع نے ’’نوائے وقت‘‘ کو بتایا کہ گزشتہ 15 دنوں کے دوران درجہ حرارت مسلسل بڑھنے سے گلیشیئر کے پگھلنے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ ایسی صورتحال میں اگر موسلادھار بارشیں ہوں تو گلیشیئرز کے پھسلنے سے برساتی ندی نالوں اور دریاؤں میں اچانک اونچے درجے کا سیلاب آ جاتا ہے۔ اس عمل کو گلیشیئر لیک آؤٹ برسٹ فلڈ (GLOF) کہتے ہیں۔ موسلادھار بارشوں سے گلگت بلتستان پہاڑوں پر بنے ہوئے گلیشیئر جو پہلے سے درجہ حرارت بڑھنے کے باعث پگھل رہے ہیں‘ کے سرکنے سے ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ چند سال پہلے اسی عمل کے باعث گلگت کے قریب عطاء آباد جھیل بھی پیدا ہو گئی تھی۔