فیصل آباد : آزادکشمیر الیکشن ڈیوٹی کے بعد سیر کرنیوالے 20 پولیس اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج، 5 گرفتار
فیصل آباد( نمائندہ خصوصی ) آزاد کشمیر میں الیکشن ڈیوٹی کے لئے جا کر سیر و سیاحت کرنے والے 20پولیس ملازمین کیخلاف مقدمات درج کر لئے گئے جبکہ تاخیر سے واپس آنے والے 5اہلکار حوالات بند ‘ تفصیلات کے مطابق 22جولائی کو آزادکشمیر کے عام انتخابات کے موقع پر 20اور 21جولائی کو فیصل آباد سے سینکڑوں پولیس اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی کیلئے گئے تھے جو وہاں الیکشن ختم ہونے پر جنت نظیر آزاد کشمیر کی سیر و سیاحت میں مصروف ہو گئے جس پر ایس پی لائل پور ٹائون محمد علی وسیم نے واپس نہ آنے والے اہلکاروں کی فہرستیں بنوا کر عبدالستار‘ اویس وغیرہ 20اہلکاروں کیخلاف پولیس آرڈر2012ء کی دفعہ 155-cکے تحت تھانہ غلام محمد آباد میں مقدمات درج کروا دئیے اور اویس وغیرہ پانچ کانسٹیبلوں کو تھانہ غلام محمد آباد کی حوالات میں بند کر کے مزید واپسی آنے والے اہلکاروں کی گرفتاریوں کا عمل شروع کر دیا۔ایس پی لائل پور ٹائون محمد علی وسیم کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو صرف سکیورٹی ڈیوٹی کرنے بھیجا تھا لیکن انہوں نے فرائض میں غفلت کرتے ہوئے سیر و سیاحت شروع کر دی جس پر ان کیخلاف مقدمات درج کئے ہیں اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔